ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.43 فیصد اضافہ ریکارڈ

رمضان المبارک کے آخری ہفتے میں اور عید سے قبل ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح پندرہ اعشاریہ آٹھ چھ فیصد ہو گئی۔

ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردئیے، جس کے مطابق حالیہ ہفتے 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر اوسط 24 روپے 17 پیسے اور پیاز 8 روپے 24 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔ زندہ مرغی 5 روپے 54 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

دال مسور 3 روپے 24 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ انڈے 4 روپے 88 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 21 روپے 33 پیسے مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ لہسن، آلو، دال ماش، مٹن، بیف، دودھ، دہی اور چاول بھی مہنگا ہوا۔

حالیہ ہفتے 4 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 106 روپے 94 پیسے سستا ہوا جس کے بعد آٹے کے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت 966 روپے 56 پیسے پر آگئی۔

ایک ہفتے میں چینی اوسط 89 پیسے فی کلو سستی ہوئی جس کے بعد ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 84 روپے 80 پیسے پر آگئی۔ حالیہ ہفتے میں گُڑ ایک روپے 68 پیسے فی کلو سستا ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں