سندھ بھر میں تیز بارشوں کی پیش گوئی، تعلیمی ادارے بند

کراچی : محکمہ موسمیات نے آج بھی سندھ بھر میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے.
کراچی، حیدرآباد اور ٹنڈوالہ یار سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ شدید بارش کا سلسلہ19 اگست تک جاری رہنے کاامکان ہے۔
بارش کے باعث کراچی کی ملیر ندی کے سیلابی پانی میں بہنے والی گاڑی ندی سے ملی گئی، تاہم گاڑی میں سوار 7 افراد کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا۔
ایم نائن لنک روڈ پر کار سیلابی ریلے میں بہنے کی بھی اطلاعات ہیں، کے پی ٹی گراؤنڈ کے قریب دو منزلہ عمارت گرگئی جہاں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
شہر قائد میں بارشوں کے بعد کورنگی کاز وے روڈ ٹریفک کے لیے تاحال بند ہے، میمن گوٹھ کے قریب ملیر ندی پر بنے ریزروائر کی دیوار سے کئی فُٹ اوپر سے پانی گزر رہا ہے۔
دوسری جانب صوبے میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر سندھ حکومت نے آج تمام تعلیمی اداروں اور جامعات میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ وزیر تعلیم سندھ کاکہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کراچی میں آج جمعرات کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں