رواں ہفتے بھی روپیہ غیرملکی کرنسیوں کی نسبت تنزلی کا شکار

کراچی:ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر، پاؤنڈ، یورو اور ریال کی قدروں میں اضافہ رہا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر و ریال کی قدروں میں اضافہ اور پاؤنڈ و یورو کی قدروں میں کمی واقع ہوئی۔ ہفتے کے ابتدائی 4 دن ڈالر کی اڑان جاری رہی تاہم اختتامی 2 دنوں میں ڈالر کی قدر میں تیز رفتار اضافے کا تسلسل رک گیا۔ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 239 روپے جبکہ اوپن ریٹ 244 روپے سے تجاوز کرگیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مجموعی طور پر 2.85روپے بڑھ کر 239.71 روپے کی سطح پر آگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3.40روپے بڑھ کر 244.40 روپے کی سطح پر آگئی۔ اسی طرح برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 1.35روپے بڑھ کر 271.66روپے ہوگئے۔گزشتہ ہفتے کے وسط میں غیر قانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن سے اختتامی 2 دن میں روپیہ مستحکم ہوا۔ ہفتے کے اختتامی دن اسٹیٹ بینک کی جانب سے 2 ہزار ڈالر یا اس سے زائد مالیت کے زرمبادلہ کی نقد فروخت پر پابندی عائد ہونے سے آنے والے دنوں میں روپیہ کی مزید تنزلی رکنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں