وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ملالہ یوسفزئی سے ملاقات

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملالہ فنڈ کی شریک بانی ملالہ یوسفزئی کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ملالہ یوسفزئی کی جانب سے سماجی مسائل بالخصوص بچیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی سطح پر وکالت کو سراہا۔ ملالہ یوسفزئی کی ہمت اور لگن کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے تعلیم، صنفی مساوات اور پاکستان میں مرد و خواتین دونوں کیلئے سیکھنے کے مواقع میں اضافہ کیلئے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں بچیوں کی تعلیم کو ترجیح دینے اور اس کی ترغیب دینے کیلئے حکومت کے منصوبوں اور سکیموں سے بھی آگاہ کیا اور ملالہ فنڈ کی وزارت تعلیم کے ساتھ شراکت داری کی تعریف کی ۔ ملالہ نے اس موقع پر تمام بچیوں کیلئے تعلیم کے حق کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے بہت سے سکول تباہ ہوگئے۔ انہوں نے پسماندہ بچوں بالخصوص بچیوں کی مدد کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ملالہ نے تباہ کن سیلاب کے اثرات سے نمٹنے بالخصوص بچیوں کی تعلیم تک رسائی کیلئے پاکستان کی کوششوں کیلئے ملالہ فنڈ کی معاونت کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں