وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ روانہ ہوگئے۔وزیراعظم ترک صدر رجب طیب اردگان کی دعوت پر ترکیہ کا دورہ کررہے ہیں، دونوں رہنما دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ترکیہ کے دورے پر روانگی کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کے لئے تیسرے ملجم کارویٹ جہاز کا افتتاح دونوں برادر ممالک کے مابین گہرے دفاعی تعلقات کا مظہر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے تبادلے ہماری شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں ۔ انہوں نے ترک عوام کی گرمجوشی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ میں ہونا ایسا ہی ہے جیسا اپنے گھر میں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ صدر اردو ان کی قیادت میں ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات تزویراتی شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں اور ہم دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کےلئے کوشاں ہیں۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر اردگان استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے چار ملجم (MILGEM) کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے پی این ایس خیبر کا افتتاح بھی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں