نیوزی لینڈ پولیس نے ایک بس میں سفر کے دوران سوٹ کیس سے دو سالہ بچی کو زندہ حالت میں برآمد کرنے کے بعد ایک خاتون مسافر کو بچی سے بدسلوکی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز شمالی نیوزی لینڈ میں وانگاری سے آکلینڈ جانے والی بس میں پیش آیا۔ رپورٹس کے مطابق، بس کائیواکا کے مقام پر رکی تو ایک 27 سالہ خاتون اس میں سوار ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ سفر خاتون نے بس کے نچلے حصے، جہاں سامان رکھا جاتا ہے، تک رسائی مانگی، جس پر ڈرائیور کو شبہ ہوا۔ ڈرائیور کے مطابق جب اس نے خاتون کا سوٹ کیس ہلتے ہوئے دیکھا تو اس نے فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے بیگ کھول دیا۔
بیگ کھولنے پر اس میں ایک دو سالہ بچی برآمد ہوئی جو صرف ڈائپر پہنے ہوئے تھی۔ پولیس کے مطابق بچی تقریباً ایک گھنٹے سے بیگ میں بند تھی۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں معائنے میں معلوم ہوا کہ اگرچہ بچی کا جسم شدید گرم تھا، لیکن اسے کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔
واقعے کے بعد خاتون کو بچی سے بدسلوکی کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔





تبصرے بند ہیں