پاکستانی ٹک ٹاکر اور ریپر سڈ ریپر نے گلوکار فلک شبیر پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اس کے گانے ڈیلیٹ کیے اور شوز منسوخ کروائے۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے، ٹک ٹاک پر 14.1 ملین فالورز رکھنے والے سڈ ریپر نے اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر کے حوالے سے بات کی۔ شادی کی منصوبہ بندی پر سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ جلد شادی کرنے والے ہیں مگر دلہن کے بارے میں فی الحال تفصیل نہیں بتائیں گے۔
میوزک کو کم وقت دینے کی وجہ بتاتے ہوئے سڈ ریپر نے پرانے ناخوشگوار تجربات کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق، 5–6 سال قبل وہ فلک شبیر کے ساتھ پارٹی تھیم والے میوزک شوز کیا کرتے تھے، لیکن فلک شبیر کے منیجر ڈی جے میک اکثر انہیں مخصوص گانوں پر پرفارم کرنے سے روکتے تھے۔ اگر وہ پھر بھی گاتے تو کنسرٹ کے دوران مائیک بند ہو جانا یا دیگر ٹیکنیکل مسائل پیش آ جاتے۔
سڈ ریپر کا دعویٰ ہے کہ ڈی جے میک نے کئی بار دورانِ شو انہیں دھمکیاں دیں اور گالیاں دیں، جبکہ فلک شبیر نے خود ان کے لیپ ٹاپ سے گانے ڈیلیٹ کر کے کہا کہ ان پر پرفارم نہ کریں۔ ان کے مطابق، اس مخالفت کے بعد ان کے کئی شوز منسوخ کر دیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض بڑے فنکار نئے آنے والوں کی مقبولیت سے غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابرار الحق کے ساتھ مل کر بنایا گیا ’بدو بدی‘ کا ری مکس ہٹ ہوا، مگر ایک ٹی وی انٹرویو میں ابرار الحق نے انہیں پہچاننے سے انکار کر دیا۔






تبصرے بند ہیں