بھارتی کوریوگرافر دھناشری ورما نے ایک حالیہ انٹرویو میں کرکٹر یوزویندر چہل سے علیحدگی کے بعد والدین کی جانب سے ملنے والے حوصلے اور تعاون کے بارے میں بات کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھناشری نے بتایا کہ طلاق کے ابتدائی دن ان اور ان کے والدین کے لیے نہایت مشکل تھے، تاہم اہلِ خانہ، دوستوں اور ٹیم نے اس دوران اہم سہارا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر منفی تبصروں کو نظرانداز کرنا تو آسان تھا مگر والدین کو رشتے داروں اور سماجی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض اوقات والدہ اس دباؤ کے باعث افسردہ ہو جاتیں اور انہیں فون بند رکھنے کا مشورہ دینا پڑتا تھا۔
دھناشری کے مطابق والدین ہمیشہ انہیں یہ یاد دلاتے رہے کہ انہوں نے ایک طاقتور رشتے سے باوقار انداز میں الگ ہونے کا بہادری بھرا فیصلہ کیا ہے، جس پر وہ فخر محسوس کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ دھناشری اور چہل نے دسمبر 2020 میں شادی کی تھی، جون 2022 میں الگ ہوگئے اور مارچ 2025 میں باضابطہ طلاق ہوگئی۔
دریں اثنا دھناشری حال ہی میں فلم "’بھول چوک معاف‘” میں راجکمار راؤ کے ساتھ ڈانس نمبر میں جلوہ گر ہوئیں اور اب تیلگو فلم "’آکاشم داتی وستاوہ‘” سے اداکاری کا آغاز کرنے والی ہیں۔






تبصرے بند ہیں