پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری کے تلخ تجربات اور توہین آمیز رویے نے انہیں شدید ذہنی دباؤ کا شکار کر دیا، جس کے باعث وہ پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر (PTSD) میں مبتلا ہو گئیں۔
علیزے نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک اسٹوری میں کہا کہ انڈسٹری میں پیش آنے والے حالات نے انہیں اس حد تک متاثر کیا کہ وہ خود سے نفرت کرنے لگیں اور سوچنے پر مجبور ہو گئیں کہ وہ اس شعبے کا حصہ کیوں بنیں۔
انہوں نے لکھا کہ لوگوں کو لگتا ہے کہ میں صرف کام حاصل کرنے کے لیے انڈسٹری کے لوگوں کو بے نقاب کر رہی ہوں، لیکن انہیں اندازہ نہیں کہ یہ سوچ کس قدر تکلیف دہ ہے۔ میں نے اپنی سچائی صرف اس لیے بیان کی تاکہ دل ہلکا کر سکوں، نہ کہ توجہ حاصل کرنے کے لیے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میں کسی کے پراجیکٹس، جھوٹی پیشکش یا ہمدردی کی طلبگار نہیں۔ اس انڈسٹری میں میرے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا گیا جیسے میں کچھ بھی نہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ذلت، تنہائی اور تکلیف سہتی ہوں، یہاں تک کہ بعض راتیں ایسی بھی ہوتی ہیں جب روتے روتے سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے درخواست کی کہ انہیں بس اکیلا چھوڑ دیا جائے تاکہ وہ اپنی زندگی سکون سے گزار سکیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل علیزے شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکارہ منسا ملک نے انہیں تھپڑ مارا تھا، جس کے جواب میں انہوں نے جوتا دے مارا۔ بعد ازاں انہوں نے اداکارہ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ بھی درج کرایا تھا۔
یاد رہے کہ پی ٹی ایس ڈی ایک سنگین ذہنی عارضہ ہے جو کسی شدید صدمے یا خوفناک واقعے کے بعد لاحق ہوتا ہے۔






تبصرے بند ہیں