آئی ایم ایف نے وفاق کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں اسکیموں کو فنڈز دینے سے روک دیا

funding schemes in flood-affected areas

اسلام آباد: آئی ایم ایف نے وفاق کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں اسکیموں کو فنڈز دینے سے روک دیا۔

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے مشن اور پاکستان کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کے لیے آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آئی ایم ایف مشن کے آج وزارت خزانہ اور وزارت توانائی کے ساتھ مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ریکوڈک منصوبے پر کچھ بریفنگ ہوچکی ہے جب کہ بقیہ آج کے مذاکرات میں ہوگی، آئی ایم ایف کو ریکوڈک کاپر اینڈ گولڈ مائن پروجیکٹ پر بھی بریفنگ دی جائے گی، منصوبے کی کل لاگت 4.3 ارب ڈالر سے بڑھ کر 7.72 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور پہلے مرحلے میں 2 لاکھ میٹرک ٹن سالانہ کاپر پیداوار کا تخمینہ ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کو سیلاب سے نقصانات پر آج دوبارہ بریفنگ دی جائے گی اور اس حوالے سے حالیہ سیلاب کے باعث معاشی شرح نمو، ٹیکس اور ترقیاتی اہداف میں کمی پر بات چیت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اس میٹنگ میں سیلاب کے نقصانات کے بعد بجٹ اہداف دوبارہ طے کرنے پر بھی بات ہوگی جب کہ آئی ایم ایف نے وفاق کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں اسکیموں کو فنڈز دینے سے روک دیا ہے۔

آئی ایم ایف کا کہناہے کہ صوبے متاثرہ علاقوں میں بحالی اسکیموں کو اپنے وسائل سے فنڈز دیں۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا ہے صوبے یقینی بنائیں کہ بحالی اسکیموں سےسرپلس میں کمی نہ آئے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کے وزارت توانائی کے ساتھ مذاکرات میں پاور سیکٹر کی اصلاحات پر بات چیت ہوگی، اس دوران لائن لاسز سمیت بجلی بلوں کی ریکوری بھی زیر بحث آئے گی۔

READ  مالی سال کے پہلے روز کاروبار میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس ایک لاکھ 28 ہزار کو چھوگیا

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کی جانب سے ڈسکوز کی نجکاری کا ٹائم فریم مانگا جائے گا اور اس حوالے سے پالیسی سطح کے مذاکرات میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شرکت کریں گے جب کہ آئی ایم ایف مشن سے این ایف سی ایوارڈکے تحت صوبوں کو فنڈز کی منتقلی پر بھی بات ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں