ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا حملہ، 3 اہلکار شہید

Terrorists attack police mobile in DI Khan

ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے میں 3 اہلکار شہید ہو گئے۔

پولیس کے مطابق پنیالہ کے علاقے میں ڈگری کالج کے قریب دہشتگردوں نے سڑک پر آئی ای ڈی نصب کر رکھی تھی، پولیس موبائل کے پہنچنے پر آئی ای ڈی کا دھماکا ہو گیا۔

پولیس ترجمان کا بتانا ہے کہ دھماکے کے بعد دہشتگردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، حملے میں اے ایس آئی سمیت 3 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد دہشتگرد موقع سے فرار ہو گئے، علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے: وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے 3 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور شہدا کے درجاب کی بلندی کی دعا کی۔

وزیراعظم نے حملے میں زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے، واقعے کے ذمہ داران کاتعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

کے پی پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس گاڑی پر فتنہ الخوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

READ  بنوں: امن کمیٹی ممبران پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق

محسن نقوی نے شہید اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور سخی جان کے لواحقین سےدلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانی کو سلام پیش کیا اور کہا کے پی پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں