دنیا کا اگلا سب سے بڑا قتلِ عام بھارت میں ہونے کا خدشہ ہے: اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار

اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار نے میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ بھارت کے موضوع پر اہم نشست کی ہے۔

اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار کی میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ بھارت کے موضوع پر ایک اہم نشست ہوئی ہے، جس میں سیکیورٹی ذرائع نے بھارت کی اندرونی صورتحال، توسیع پسندانہ عزائم اور پاکستان کے خلاف سازشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے پر لگا ہوا ہے اور بھارتی قیادت زمینی حقائق تسلیم کرنے سے گریزاں ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت ایک ہندوتوا زدہ ناکام ریاست ہے جسے خود کو بڑا دکھانے کی عادت ہو چکی ہے۔ بھارتی ریاستی ناکامی کی اصل وجوہات ملک میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور مذہبی شدت پسندی ہیں۔

‘اکھنڈ بھارت’ کا غیر حقیقی خواب دراصل اس کے توسیع پسندانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ ہندوتوا نظریے نے بھارت کے سیکولر چہرے کو پوری طرح مسخ کر دیا ہے اور بھارتی فوج بھی بی جے پی کی متشدد و مذہبی سیاست کی نذر ہو چکی ہے۔

ذرائع نے واضح کیا کہ ایک بری طرح تقسیم شدہ معاشرے کی موجودگی میں بھارت کا ‘شائننگ انڈیا’ ہونے کا نعرہ محض ایک ڈھکوسلہ ہے۔ بھارت کی ریاست درحقیقت ایک ‘پولیس اسٹیٹ’ کا نام ہے جہاں آزادیِ رائے اور فریڈم آف پریس کو مکمل طور پر ریاستی کنٹرول میں رکھا جاتا ہے۔

ذرائع نے ایک سنگین خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا اگلا بڑا قتل عام بھارت میں ہونے کا خطرہ ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور اس قتل عام کی شدت غزہ اور فلسطین سے بھی بڑھ کر ہو گی۔

READ  وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی کے یونیورسٹی روڈ پر تعمیراتی کام 90 روز میں مکمل کرنے کا حکم

بھارت میں جاری تفریق اور اقلیتوں پر ظلم خود ہندوستان کی مزید تقسیم کا شاخسانہ بنیں گے۔ ہندوتوا کے پیروکار یہ سمجھتے ہی نہیں کہ مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو بھی جینے کا حق ہے، اور اب بھارت میں مسلمانوں کے لیے زندہ رہنے کی پہلی شرط یہ بنا دی گئی ہے کہ وہ ہندوتوا سوچ کے سامنے اپنی وفاداری کا ثبوت دیں۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مقبوضہ وادی کے عوام دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی میں محصور ہیں، جہاں ہر 7 سے 8 کشمیری افراد پر ایک بھارتی فوجی اہلکار تعینات ہے۔ بھارت وہاں جاری آزادی کی تحریکوں کو چھپانے اور دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے اکثر ‘فالس فلیگ آپریشنز’ کا ڈھونگ رچاتا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی جنونیت ایک مضبوط، خوشحال اور معتدل پاکستان کو اپنے لیے خطرہ سمجھتی ہے، اور پاکستان کے استحکام و ترقی کو ہندوتوا کے پیروکار اپنی موت خیال کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بھارتی میڈیا اور سیاست دونوں ہر وقت پاکستان اور پاک افواج سے متعلق منفی بیانیہ بنانے میں مصروف رہتے ہیں۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی سرکردہ لیڈرشپ بھی بھارتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ تاہم، سیکیورٹی ذرائع نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام بھارت سے نہ کبھی مرعوب تھے اور نہ ہی کبھی ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں