سنی دیول 56 کروڑ روپے کے قرض میں کیسے ڈوبے؟ اداکار نے حقیقت بتا دی

How did Sunny Deol get mired in a debt of ₹56 crore?

بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے اپنی زندگی کے مشکل ترین دور سے پردہ اٹھا دیا۔

سنی دیول نے حالیہ پوڈکاسٹ میں اپنی مالی مشکلات پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ فلم ’غدر 2‘ کی کامیابی سے قبل وہ تقریباً 55 کروڑ 99 لاکھ بھارتی روپے کے قرض میں ڈوبے ہوئے تھے مگر اتنے بڑے مالی دباؤ کے باوجود انہوں نے اپنی خوشی کو متاثر نہیں ہونے دیا اور معمول کے مطابق زندگی گزارتے رہے۔

اداکار کے مطابق ان کی مالی مشکلات کی بڑی وجہ فلم سازی میں کی جانے والی سرمایہ کاری تھی۔ انہوں نے ’گھائل ونس اگین‘ سمیت مختلف فلمی منصوبوں پر سرمایہ لگایا، تاہم مطلوبہ کاروباری کامیابی حاصل نہ ہونے کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

بعدازاں انہوں نے 2019 میں ’پل پل دل کے پاس‘ کی ہدایت کاری بھی کی جس سے ان کے بیٹے کرن دیول نے بالی ووڈ میں قدم رکھا، مگر یہ فلم بھی باکس آفس پر نمایاں کامیابی حاصل نہ کر سکی۔

سنی دیول نے بتایا کہ ان پر واجب الادا رقم کسی دوسرے شخص سے لیے گئے ذاتی قرض کی صورت میں نہیں تھی بلکہ معاملہ ان کی اپنی سرمایہ کاری اور اثاثوں سے جڑا تھا۔ مالی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے انہیں اپنے اثاثے فروخت کر کے رقم ادا کرنا تھی۔

سال 2023 میں ’غدر 2‘ کی ریکارڈ کامیابی کے بعد ایک بینک نے ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع سنی دیول کے بنگلے کی ای نیلامی کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔ اداکار کے ذمے سود سمیت تقریباً 55.99 کروڑ بھارتی روپے واجب الادا تھے۔ بعد میں ادائیگی کے معاملے پر پیش رفت کے بعد نیلامی کا نوٹس واپس لے لیا گیا۔

READ  تارک مہتا کا الٹا چشمہ کی مشہور اداکارہ کا پروڈیوسرز پر واجبات ادا نہ کرنے کا الزام

اداکار کا کہنا تھا کہ مالی مشکلات کے باوجود وہ خوش تھے اور انہوں نے پیسے کو اپنی زندگی پر حاوی نہیں ہونے دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں