اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ میں نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد اور اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کو ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے کی ہدایت کی ہے۔
اسرائیلی چینل 14 کے مطابق انہوں نے خبردار کیا ہے کہ ماضی میں فوجی حملوں کے باوجود تہران اب بھی جوہری خطرہ بن سکتا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کو گزشتہ روز انٹرویو دیتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا تھا کہ ہمارے پاس اسرائیل کے لیے ایک روشن مستقبل یقینی بنانے کا موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایران پر حملے کیے ہیں لیکن وہ ایک زخمی بچھو کی طرح آخری بار ڈنک مار کر ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ایران پر پہلے بھی حملے کیے ہیں اور ہم دوبارہ بھی حملے کریں گے۔
اسرائیلی رہنما نے اپنے سیاسی مخالفین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ہم ایران کے جوہری پروگرام کا خاتمہ نہیں کر سکیں گے۔
ادھر اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر نے ایران سے متعلق نیتن یاہو کے حکم کی مخالفت کر دی۔
اسرائیلی ٹی وی چینل 12 نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے سربراہ نے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے ایران سے متعلق فوجی کارروائی کے حکم پر عمل درآمد کی مزاحمت کی ہے۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق ایال ضمیر نے گزشتہ روز نیتن یاہو سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کیخلاف کارروائی کی قانونی منظوری کے لیے تحریری اور دستخط شدہ اجازت نامہ فراہم کریں۔
فوجی ذرائع نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ نیتن یاہو کی حکومت ایران کے ساتھ کشیدگی کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کر سکتی ہے تاہم، نام ظاہر نہ کرنے والے سیاسی ذرائع نے اس رپورٹ کی تردید کی ہے۔






تبصرے بند ہیں