ملک بھر میں موسلادھار بارشیں، حادثات میں 4 افراد جاں بحق، بجلی کا نظام درہم برہم

Heavy rains across the country

ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہوکر رہ گیا۔

پنجاب اور بلوچستان میں موسلادھار بارشوں کے بعد کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی بڑھ گیا۔

خضدار میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

نصیر آباد، بارکھان اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

پنجاب میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی جی خان اور مضافات میں آندھی کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی، کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں شدید بارش کے بعد برساتی ندیوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

زندہ پیر کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک لڑکا جاں بحق ہو گیا۔

لاہور، فیصل آباد، میاں چنوں اور کمالیہ سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔گجرات میں نشیبی علاقوں میں پانی مکانوں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ بارش کے باعث گیپکو کے درجنوں فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

ادھر لاڑکانہ سمیت سندھ کے بعض شہروں میں بھی گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی۔لاڑکانہ میں تیز بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔بارش شروع ہوتے ہی شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند دنوں تک مختلف علاقوں میں جاری رہ سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور برساتی ندی نالوں سے دور رہیں۔

READ  علیمہ خانم کیخلاف 26 نومبر مقدمے کا فیصلہ یکم اکتوبر تک مؤخر

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں