24 گھنٹے میں 617 پکوان بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانیوالے بھارتی شیف چل بسے

بھارتی شیف کے دامودھرن المعروف شیف دامو 72 برس کی عمر میں چل بسے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شیف دامو 25 اکتوبر 2026ء کو چنئی میں چل بسے، ان کی موت پر ساتھی شیفس، مداحوں اور تامل ناڈو کی سیاسی قیادت نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شیف دامو نے تامل ناڈو کے معروف ٹیلی ویژن کوکنگ شوز خصوصاً ’کوکو وِد کومالی‘ سے شہرت حاصل کی تھی، وہ روایتی تامل کھانوں اور چیتیناڈ کھانوں کے ماہر تھے اور انہوں نے کئی کتابیں بھی تحریر کیں۔
بھارتی شیف نے دسمبر 2010ء میں مسلسل 24 گھنٹے، 30 منٹ اور 12 سیکنڈ تک کھانا پکاتے ہوئے 617 پکوان تیار کیے تھے۔

شیف دامو نے اس دوران مجموعی طور پر 190 کلو گرام اجزاء استعمال کیے اور 6 چولہوں پر بیک وقت کھانا پکایا۔

بھارتی شیف نے یہ ریکارڈ بنانے کا آغاز 21 دسمبر 2010ء کو صبح تقریباً 8 بجے کیا، ان کا ابتدائی ہدف 480 پکوان تیار کرنا تھا لیکن انہوں نے مقررہ تعداد سے 137 زیادہ پکوان بنا کر سب کو حیران کر دیا تھا۔

اس ریکارڈ کے لیے سخت شرائط مقرر کی گئی تھیں، شیف دامو کو ہر گھنٹے میں صرف 5 منٹ آرام کی اجازت تھی، جبکہ کم از کم 2 پکوان بیک وقت تیار کرنا ضروری تھا، ان کی مدد کے لیے 4 افراد موجود تھے، لیکن کھانا پکانے کا کام خود شیف دامو نے انجام دیا، انہیں اوون اور مائیکرو ویو کے استعمال کی بھی اجازت نہیں تھی۔

بھارتی شیف کے تیار کردہ پکوانوں میں اڈلی، ڈھوکلا، رسَم، پائسم، پکوڑے اور چپس سمیت مختلف جنوبی بھارتی اور دیگر کھانے شامل تھے۔
چیلنج کی نگرانی گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جج لوسیا سینیگلیئسی نے کی تھی، انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا تھا کہ تمام شرائط پوری ہوں اور کھانا کھانے کے قابل ہو۔

READ  ژوب میں فورسز کی کارروائیاں جاری، بھارتی حمایت یافتہ مزید 3 خوارج ہلاک، تعداد 50 ہوگئی

ریکارڈ بنانے کی کوشش کے تقریباً 12 گھنٹے بعد شیف دامو کو شدید تھکن محسوس ہونے لگی، ان کے ہاتھ پاؤں بھاری ہو گئے اور مسلسل کھانا پکانا مشکل ہونے لگا، اس وقت ہوٹل کے تقریباً 60 ملازمین انہیں حوصلہ دینے پہنچے۔

شدید تھکن کے باوجود شیف دامو نے اپنی کوشش جاری رکھی اور اوسطاً ہر ڈھائی منٹ میں ایک نیا پکوان تیار کیا۔

ریکارڈ کی ایک اہم شرط یہ تھی کہ تمام پکوان کھانے کے قابل ہوں، تیار ہونے والے کھانے وہاں موجود افراد میں تقسیم کیے گئے اور تمام 617 پکوان کھا لیے گئے۔
واضح رہے کہ سیف دامو نے 2004ء میں یونیورسٹی آف مدراس سے ہوٹل مینجمنٹ اور کیٹرنگ ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی۔

بھارتی شیف کو کھانا پکانے کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں 2025ء میں بھارت کے سول اعزاز ’پدم شری‘ سے بھی نوازا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں