چاہت فتح علی خان نے خود کو پاکستان کا نمبر ون گلوکار قرار دے کر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔ اپنی مزاحیہ گائیکی اور وائرل گانوں سے شہرت پانے والے چاہت ایک بار پھر خبروں کی زینت بنے، لیکن اس بار ان کا دعویٰ مداحوں کو حیران اور کچھ کو ناراض کر گیا۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نمبر ون گلوکار وہ خود ہیں، دوسرے نمبر پر عاطف اسلم اور تیسرے پر راحت فتح علی خان آتے ہیں۔ ان کے مطابق عاطف اسلم کی آواز منفرد ہے، اگرچہ ان کا آغاز متاثر کن نہیں تھا، لیکن اب وہ عمدہ کام کر رہے ہیں، اس لیے وہ دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ راحت فتح علی خان بھی اچھے گلوکار ہیں، لیکن پہلا مقام صرف انہی کا ہے۔
اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کسی نے طنزیہ لکھا کہ "عاطف اسلم شاید کسی کونے میں بیٹھ کر رو رہے ہوں گے”، جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ "یہ جان بوجھ کر ایسی باتیں کرتے ہیں تاکہ وائرل ہوں، ورنہ بہت ہوشیار ہیں۔” کئی صارفین نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ "آپ نمبر ون ضرور ہیں، اگر گنتی پیچھے سے شروع کی جائے۔”
یاد رہے کہ چاہت فتح علی خان کا وائرل گانا *بدوبدی* سوشل میڈیا پر عالمی سطح پر وائرل ہو چکا ہے اور اس پر بے شمار میمز اور ویڈیوز بنائی جا چکی ہیں۔ اس سے پہلے بھی وہ اپنے منفرد اور مزاحیہ انداز کی گائیکی سے خبروں میں رہ چکے ہیں۔






تبصرے بند ہیں