بھارتی گلوکار ہنی سنگھ کے بھانجے سمیت 2 نوجوان ٹریفک حادثے میں ہلاک

بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں معروف گلوکار یو یو ہنی سنگھ کے بھانجے سمیت 2 نوجوان ہلاک ہوگئے۔

حادثہ پولیس لائنز کے قریب ایک فلائی اوور پر پیش آیا، جہاں سالگرہ کی تقریب سے واپس آنے والی گاڑی سڑک پر کھڑے میونسپل کارپوریشن کی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ودت اولاک اور آروو تلوار کے نام سے ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ودت اولاک گلوکار ہنی سنگھ کے بھانجے اور پنجابی میوزک کمپنی اسپیڈ ریکارڈز کے مالک دنیش کے بیٹے تھے، جبکہ آروو تلوار معروف مٹھائی کی ایک دکان کے مالک کے بیٹے تھے۔

پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع رات تقریباً 3 بجے موصول ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے صفائی کے اہلکار اس وقت فلائی اوور پر صفائی کر رہے تھے اور کچرا جمع کرنے کے لیے ٹریکٹر ٹرالی سڑک پر کھڑی کی گئی تھی۔

کار بی ایم سی چوک سے بی ایس ایف چوک کی جانب جارہی تھی کہ اچانک وہاں کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔

پولیس کے مطابق حادثے سے پہلے کار میں 5 افراد سوار تھے، ودت اولاک اور آروو تلوار موقع پر ہلاک ہوگئے، جبکہ دیگر 3 افراد پہلے ہی اپنے گھروں کو واپس جا چکے تھے۔

پولیس کے مطابق اہلخانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا جس کے بعد لاشیں ان کے حوالے کردی گئیں۔

واقعے کے بعد گلوکار ہنی سنگھ نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری شیئر کی۔

انہوں نے لکھا ہے کہ یہ میرے لیے سیاہ دہائی ہے، میرے بھتیجے کا نقصان تباہ کن ہے۔

READ  7 مئی کا تاریخی معرکہ: مختلف ممالک کی پاک فضائیہ میں دلچسپی بڑھ گئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں