کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع الآمنہ پلازہ میں پٹاخوں کے گودام میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کا مقدمہ پریڈی تھانے میں سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں قتل بالسبب، دھماکہ خیز مواد اور آتش گیر اشیاء کے غیر قانونی ذخیرے میں غفلت سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گودام کے مالک حنیف اور اس کا بھائی ایوب بھی دھماکے میں زخمی ہوئے۔ حنیف کو پہلے جناح اسپتال لے جایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اُسے ایک نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ پولیس کی حراست میں ہے۔ تاہم اس کا بھائی ایوب جناح اسپتال سے لاپتہ ہو گیا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔
دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ مشتعل افراد نے آتشبازی کا سامان لے جانے والی ایک گاڑی کو روک کر اس پر پتھراؤ کیا، گاڑی کے شیشے توڑ دیے اور اسے نقصان پہنچایا۔ بعد ازاں پولیس موقع پر پہنچی، حالات کو قابو میں کیا اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت 16 سالہ اسد، 40 سالہ نوید، 32 سالہ کاشف، 40 سالہ شہزاد علی کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ ایک شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔






تبصرے بند ہیں