اوپن اے آئی کے دفتر میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائس نصب کرنے کے الزام میں انجینئر گرفتار

Engineer arrested for installing secret recording device in OpenAI office

امریکی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے اوپن اے آئی کے سابق انجینئر عبدالرحمٰن الفوزان کو دفتر میں خفیہ ریکارڈنگ کے لیے آلہ نصب کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف نے بتایا ہے کہ اوپن اے آئی کو 30 ستمبر کو سان فرانسسکو میں واقع اپنے ایک دفتر کے انتظامی اجلاسوں کے کمرے میں ٹیلی ویژن کے پچھلے حصے میں نصب یو ایس بی آلے سے ریکارڈنگ ڈیوائس ملی جس کے بعد تحقیقات شروع کی گئیں۔

تحقیقات کے مطابق انگوٹھے کے حجم کا یہ آلہ مائیکروفون سے لیس تھا اور کیمرے سے منسلک ہو سکتا تھا، اسے ٹوائلٹ پیپر میں چھپایا گیا تھا اور مبینہ طور پر 28 ستمبر کے آس پاس نصب کیا گیا تھا، آلے میں محفوظ معلومات خفیہ تھیں اور ابتدائی طور پر ان تک رسائی ممکن نہیں تھی۔
رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی نے اپنے مصنوعی ذہانت کے نظام کی مدد سے آلے کا تجزیہ کیا اور مبینہ طور پر اسے نصب کرنے والے ملازم کی شناخت کی۔

دی نیوز انٹرنیشنل کے مطابق کمپنی نے فوری طور پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کو اطلاع دی جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا اور ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔

امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق 35 سالہ عبدالرحمٰن الفوزان جولائی 2025ء سے اوپن اے آئی میں بطور انجینئر کام کر رہے تھے۔

تفتیش کاروں نے عبدالرحمٰن الفوزان کے ذاتی بیگ سے بھی اسی نوعیت کا ایک مخصوص ساخت کا آلہ برآمد کیا ہے۔

READ  ایران کا امریکا سے معاہدہ معطل کرنے کا اعلان

حکام اور کمپنی کے نمائندوں کے مطابق ابتدائی فرانزک تحقیقات میں ایسے شواہد نہیں ملے کہ ملزم نے کمپنی کے ملکیتی مصنوعی ذہانت کے ماڈلز، ان کے بنیادی کوڈ یا صارفین کے ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی حاصل کی ہو یا یہ معلومات باہر منتقل کی ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں