وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے تاحال عالمی سطح پر امداد کی اپیل نہیں کی
کراچی میں مزارِ قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو کا مؤقف ہے کہ ہمیں عالمی سطح پر اپیل کرنی چاہیے اور ایسے مواقع پر فوری ریلیف فراہم کرنا ضروری ہے۔ بلاول بھٹو نے موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کی بھی تجویز دی تھی۔
مراد علی شاہ نے بعض مخالف بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کل بہت سے "برساتی مینڈک” سامنے آگئے، ہم سب کو تقسیم کرنے کے بجائے مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے مطابق انتظامیہ بارش کے دوران متحرک رہی اور سڑکوں پر موجود رہی، ہم اپنے اقدامات سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم نائن پر نالے کی گزرگاہ بنانے کی اجازت نہیں ملی، اس سلسلے میں موٹروے انتظامیہ سے بات کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے سندھ کی بھرپور مدد کی ہدایت کی ہے۔ 2020 میں نرسری کے مقام پر آٹھ سے دس فٹ پانی تھا جبکہ حالیہ بارشوں کی 19 اگست کی پیشگوئی موجود نہیں تھی۔ ہماری غلطی یہ رہی کہ عوام کو بروقت آگاہی نہیں دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بارش کا پانی صاف کرنے میں دو سے ڈھائی گھنٹے لگتے ہیں، لہٰذا اچانک بارش کے دوران لوگ فوری گھروں کو جانے سے گریز کریں۔ پورے ملک میں سیلابی صورتحال ہے، کچے کے علاقوں میں رہنے والے افراد کے تعاون کی ضرورت ہے۔ سندھ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی جانوں کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم متحد ہو تو کسی بھی آزمائش کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
مزید برآں، مراد علی شاہ نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت اور قطر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔






تبصرے بند ہیں