پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر نے اپنے ذاتی تجربے کی بنیاد پر مداحوں کو یہ مشورہ دیا ہے کہ اگر دل میں کوئی رنج، غم یا خلش ہو تو اسے دل میں دبائے رکھنے کے بجائے اظہار کریں، کیونکہ یہ بوجھ جسمانی و ذہنی صحت دونوں کو متاثر کرتا ہے۔
انسٹاگرام اسٹوری میں، حال ہی میں اچانک طبیعت بگڑنے کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج رہنے والی صبا قمر نے چاہنے والوں کو نصیحت کی کہ جذباتی درد، دل ٹوٹنے یا بچپن کے صدمے جیسے تجربات صرف ذہنی ہی نہیں بلکہ جسمانی صحت پر بھی گہرے اثرات ڈالتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تناؤ، غم اور دبے ہوئے جذبات وقت کے ساتھ خاموشی سے روح، توانائی اور جسم کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس لیے اگر دل میں کوئی بات ہے تو اسے اپنے قریبی لوگوں سے شیئر کریں یا ضرورت محسوس ہو تو رو لیں۔
صبا قمر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنی ذہنی اور جسمانی صحت کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے کیونکہ یہ دونوں ہی قیمتی ہیں، اور اصل میں صرف آپ ہی اپنی حفاظت کر سکتے ہیں۔ ہر کوئی آپ کے درد کو سمجھ نہیں پائے گا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ حقیقت نہیں رکھتا۔
انہوں نے پیغام دیا کہ شفا حاصل کرنے کی کوشش وقت پر کریں تاکہ زندگی اور صحت محفوظ رہے، اور خود کو اس مقام تک نہ پہنچائیں جہاں وہ خود پہنچ چکی تھیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل صبا قمر کو دل میں تکلیف کے باعث ہنگامی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی خیریت کی اطلاع دیتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔






تبصرے بند ہیں