فرانس کے شمالی علاقے میں واقع گرولین نیوکلیئر پاور پلانٹ کے چار ری ایکٹرز، جیلی فش کے بڑے اور غیر متوقع ہجوم کے باعث بند کر دیے گئے۔
پلانٹ کے آپریٹر ای ڈی ایف (EDF) کے مطابق، کولنگ سسٹم کے فلٹر ڈرمز میں جیلی فش جمع ہونے سے ری ایکٹرز خودکار نظام کے تحت بند ہوئے۔ گرولین پاور پلانٹ فرانس کے سب سے بڑے جوہری پلانٹس میں سے ایک ہے، جس کے چھ یونٹس مجموعی طور پر 5.4 گیگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واقعے کے وقت ری ایکٹرز 2، 3 اور 4 خودکار طور پر بند ہوئے، جبکہ چند گھنٹوں بعد ری ایکٹر 6 بھی بند کر دیا گیا۔ پلانٹ کے باقی دو یونٹس پہلے ہی مرمت کے لیے بند تھے، جس کے باعث پورے پلانٹ کی پیداوار عارضی طور پر معطل ہوگئی۔
ای ڈی ایف کے مطابق، فلٹر پمپ کو نقصان نہیں پہنچا، صرف صفائی کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ ری ایکٹرز جلد دوبارہ چل پڑیں گے۔ کمپنی نے واضح کیا کہ اس واقعے سے پلانٹ، عملے یا ماحول کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا۔





تبصرے بند ہیں