پنجاب اسمبلی میں ٹک ٹاک پر مکمل پابندی کے لیے قرارداد جمع کرا دی گئی
یہ قرارداد اپوزیشن رکن فرخ جاوید مون نے جمع کرائی، جس میں وفاقی حکومت سے پاکستان میں ٹک ٹاک پر مستقل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ٹک ٹاک مافیا لائیو چیٹ کے ذریعے فحاشی اور عریانی کو فروغ دے رہا ہے، جس سے نوجوان نسل بالخصوص بچے بے راہ روی کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں آپس میں فحش گفتگو کرتے ہیں اور غیر اخلاقی حرکات پر اکساتے ہیں، جو اسلامی اور سماجی اقدار کے منافی ہے۔
مزید کہا گیا کہ سستی شہرت اور پیسہ کمانے کی دوڑ میں نوجوان ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارمز کی طرف بڑھ رہے ہیں، جس سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔
ایوان نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر ٹک ٹاک اور اس کے لائیو چیٹ فیچر پر پابندی لگائے تاکہ نوجوان نسل کو اخلاقی تباہی سے بچایا جا سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں اس سے قبل بھی ٹک ٹاک پر عارضی پابندیاں لگائی جا چکی ہیں جن کی وجوہات میں فحاشی، غیر اخلاقی مواد اور معاشرتی اقدار پر منفی اثرات شامل رہے ہیں۔






تبصرے بند ہیں