پشاور: اسکول کی چھت گر گئی، بچوں سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہو گئی

School roof collapses

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں 3 منزلہ نجی اسکول کی چھت گرنے سے 34 بچے اور 1 خاتون ٹیچر جاں بحق ہو گئیں، جاں بحق بچوں میں 6 بچیاں بھی شامل ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 33 اور نصیر اللّٰہ بابر میموریل اسپتال میں 2 افراد کی لاشیں لائی گئیں۔

سی سی پی او میاں سعید کا کہنا ہے کہ نجی اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق صبح 8 بج کر 48 منٹ پر اسکول کی چھت گرنے کی اطلاع ملی تھی۔

ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 20 اور نصیر اللّٰہ بابر اسپتال میں 33 زخمی لائے گئے، بعض کی حالت تشویش ناک ہے، ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نے واقعے سے متعلق انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی چھت گرنے کی وجوہات کا پتہ لگائے گی۔

سیکریٹری تعلیم عنایت اللّٰہ وسیم نے اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی پی ایس آر اے سے کل تک رپورٹ طلب کر لی۔

عمارت میں ناقص میٹریل کا استعمال ہوا تھا: تفتیشی افسر
ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ اسکول کی چھت کمزور ہے، کسی کو اندر جانے نہیں دیا جا رہا، چھت میں ٹی آئرن اور چوکے استعمال کیے گئے تھے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ چھت پر 110 سے 115 تک بچے موجود تھے، چھت وزن کو برداشت نہیں کر سکی اور گر گئی، بچے ملبے تلے دب گئے اور اس سے اموات ہوئیں۔

READ  جارح کو ہر صورت سزا دی جائے گی، ایرانی فوج کا آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان

پولیس کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت میں ناقص میٹریل کا استعمال ہوا تھا، ناقص میٹریل کے استعمال پر اسکول کے مالک کو گرفتار کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم کا اظہارِ افسوس
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کے لیے ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

گورنر کے پی نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی
گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے اسکول کی چھت گرنے کے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

فیصل کریم کنڈی نے حکام کو زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

ادھر مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ پشاور کی دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جس پر دلی دکھ اور افسوس ہے۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی بچوں کو بہترین اور بر وقت طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں