کینیڈا سے تعلق رکھنے والی مشہور سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹر انیتا وِنگ لی نے اپنے چار فٹ قد والے قریبی دوست ٹموتھی موٹو سے شادی کرلی، اور ان دونوں کی منفرد اور متاثر کن محبت کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ان کی پہلی ملاقات 2021 میں مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہوئی۔ انیتا کے مطابق ابتدا میں اُن کے درمیان کوئی رومانوی احساس نہیں تھا۔ ٹم، جو کہ ایک انجینئر اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے کام کرنے والی فلاحی تنظیم کے شریک بانی ہیں، نے پہلے انیتا سے محبت کا اظہار کیا، لیکن انیتا نے انہیں صرف "دوست” کے طور پر قبول کیا۔
انیتا نے بتایا: "میں نے کبھی اُنہیں اس نظر سے نہیں دیکھا تھا، میں 5 فٹ 4 انچ کی عام قد کی لڑکی ہوں، اور سوچتی تھی کہ آخر میں ایک 4 فٹ قد والے مرد سے کیسے محبت کر سکتی ہوں؟” لیکن وقت کے ساتھ ان کی دوستی گہری ہوتی گئی، اور انیتا کے خیالات بدلنے لگے۔ انہیں آسٹریلوی موٹیویشنل اسپیکر نِک وجِچچ کی یاد آئی، جن سے ان کی بیوی کانائے نے ان کے کردار کی بنیاد پر محبت کی تھی، نہ کہ ان کی جسمانی ساخت پر۔
انیتا نے کہا: "میں نے ہمیشہ ایک ایسے ساتھی کی دعا کی تھی جو بااخلاق، بصیرت رکھنے والا اور مہربان ہو، اور مجھے یہ ساری خوبیاں ٹِم میں نظر آئیں۔” ابتدا میں انکار کے بعد انیتا نے اپنی بہن کی مدد سے ٹِم کو ‘ہم صرف دوست ہیں’ والا پیغام بھیجا، لیکن فوراً ہی انہیں اس فیصلے پر افسوس ہوا، اور یہ احساس ہوا کہ وہ انہیں کھونا نہیں چاہتیں۔
ستمبر 2024 میں ان کی منگنی ہوئی اور رواں برس دونوں نے شادی کر لی۔ ان کی یہ خالص اور سچی محبت کی کہانی سوشل میڈیا پر ہزاروں دلوں کو چھو چکی ہے۔ انیتا اور ٹِم اپنی کہانی باقاعدگی سے آن لائن شیئر کرتے ہیں، اور چونکہ دونوں کے درمیان قد کا نمایاں فرق ہے، اس لیے بہت سے لوگ ان کی تصاویر کو مصنوعی ذہانت (AI) کی تخلیق سمجھ بیٹھتے ہیں۔






تبصرے بند ہیں