محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔ تاہم اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور قریبی پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں صبح اور رات کے اوقات میں بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پنجاب کے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں شام کے وقت بارش کی توقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے دیر، سوات، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، خیبر، مہمند، باجوڑ، اورکزئی، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں بھی بارش متوقع ہے۔
بلوچستان اور سندھ میں موسم گرم رہے گا، ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلودگی کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ بالائی پنجاب کے چند علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔





تبصرے بند ہیں