چین کا ایک نوبیاہتا جوڑا اپنے ناموں کی حیرت انگیز مماثلت کے باعث سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبے ژی جیانگ میں 6 اکتوبر کو شادی کے بندھن میں بندھنے والے 33 سالہ ژو شیاؤ چونگ اور 28 سالہ ژو شیاؤ چونگ کی کہانی اس وقت میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی جب اس جوڑے کی شادی کا دعوت نامہ انٹرنیٹ پر شیئر کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شادی کے دعوت نامے پر دونوں کے ایک جیسے نام دیکھ کر بعض رشتے داروں کو لگا کہ شاید شادی کے منتظمین سے نام لکھنے میں غلطی ہو گئی لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ یہ محض اتفاق نہیں بلکہ دونوں کے اصل نام ہیں۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دولہا اور دلہن کے ناصرف نام ایک جیسے ہیں بلکہ چینی زبان میں لکھے بھی بالکل ایک جیسے حروف سے جاتے ہیں
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دولہا اور دلہن کے درمیان ایک اور دلچسپ اتفاق یہ بھی ہے کہ ان کا ہوا بازی کے شعبے سے تعلق ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس جوڑے کی کہانی 2016ء میں اس وقت شروع ہوئی جب دونوں ایک ہی جاب فیئر میں ملازمت کے انٹرویو کے لیے پہنچے۔
انٹرویو لینے والے نے جب ’ژو شیاؤ چونگ‘ کا نام پکارا تو دونوں بیک وقت اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے لیکن اس وقت دونوں نے اسے بس ایک دلچسپ اتفاق سمجھا اور زیادہ توجہ نہیں دی۔
بعد ازاں لڑکے کا ایک ساتھی جو لڑکی کا سابق ہم جماعت بھی تھا، اس نے دونوں کے ایک جیسے ناموں کا نوٹس لیا اور دونوں کا آپس میں تعارف کروایا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نوبیاہتا جوڑے نے 2019ء میں ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا اور بالآخر رواں سال شادی کر لی۔
رپورٹ کے مطابق ناموں کی یہ مماثلت صرف شادی کے دعوت نامے تک محدود نہیں رہی بلکہ کئی مواقع پر عملی مشکلات بھی پیدا ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال مئی میں جب دونوں نے شادی کا اندراج کروایا اور جائیداد کی ملکیت کے سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دی تو کمپیوٹر سسٹم ان کے ریکارڈ میں فرق نہ کر سکا، جس کے نتیجے میں متعلقہ عملے کو معلومات دستی طور پر درج کرنا پڑیں۔
رپورٹ کے مطابق سفر کے دوران بھی ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جب دونوں نے غلطی سے ایک دوسرے کے بورڈنگ پاس اٹھا لیے، پاسز پر جنس کی نشاندہی نہیں تھی، اس لیے سیکیورٹی عملے کو بھی ان کی شناخت کی تصدیق کرنا پڑی۔
دلہن نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ہمارے دوست جب کسی ایک کو نام لے کر پکارتے تو اکثر ہم دونوں ہی جواب دے دیتے تھے، اب اس الجھن سے بچنے کے لیے ہم نے ایک دوسرے کے لیے الگ عرفی نام رکھ لیے ہیں۔
دلہن نے یہ بھی بتایا ہے کہ اب میرے شوہر کو ’دا چونگ‘ یعنی بڑا چونگ جبکہ مجھے’شیاؤ چونگ‘ یعنی چھوٹا چونگ کہا جاتا ہے۔






تبصرے بند ہیں