حال ہی میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں بھارتی سول سروس کے افسران کو ایک لگژری بس میں بالی ووڈ اداکار عامر خان کی رہائش گاہ میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔ اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جن میں ہائی سیکیورٹی فلم پروجیکٹ سے متعلق چہ مگوئیاں اور لگژری گاڑیوں کے مسائل جیسی افواہیں شامل تھیں۔
تاہم اب اس دورے کی اصل حقیقت سامنے آ گئی ہے، جو توقعات کے برعکس خوشگوار نکلی۔
عامر خان کی ٹیم کے ترجمان نے ان افواہوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بیچ کے آئی پی ایس ٹرینی افسران نے عامر خان سے ملاقات کی درخواست کی تھی، جس پر انہوں نے خوش دلی سے اپنے گھر پر ان کا خیرمقدم کیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب عامر خان نے سول سروس کے افسران سے ملاقات کی ہو۔
1999 کی ان کی مشہور فلم سرفروش میں ایک ایماندار اور بہادر پولیس افسر کا کردار ادا کرنے کے بعد سے عامر خان سول سروس کے تربیتی افسران کے لیے ایک متاثرکن شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔
عامر خان گزشتہ کئی برسوں سے سول سروس افسران سے ملاقات کرتے رہے ہیں، جہاں وہ نہ صرف اپنے فلمی تجربات شیئر کرتے ہیں بلکہ حب الوطنی، عوامی خدمت، اور قوم کی تعمیر جیسے اہم موضوعات پر بھی بات چیت کرتے ہیں۔






تبصرے بند ہیں