سرد موسم آتے ہی بہت سے لوگ یہ محسوس کرتے ہیں کہ جسم بھاری ہونے لگا ہے، کپڑے کچھ تنگ لگ رہے ہیں اور وزن تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق سردیوں میں وزن بڑھنا ایک عام مسئلہ ہے، جس کے پیچھے موسمی تبدیلی، خوراک کی نوعیت اور روزمرہ معمولات میں فرق جیسے کئی عوامل کارفرما ہوتے ہیں۔ خوشخبری یہ ہے کہ چند سادہ عادات اپنا کر اس رجحان پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
سرد موسم میں بھوک کیوں بڑھ جاتی ہے؟
ماہرین بتاتے ہیں کہ ٹھنڈے موسم میں جسم زیادہ توانائی خرچ کرتا ہے تاکہ خود کو گرم رکھ سکے، جس کے نتیجے میں بھوک بڑھ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ دن چھوٹے ہونے اور دھوپ کم ملنے کی وجہ سے بعض افراد میں سستی اور تھکن بھی بڑھ جاتی ہے، جو زیادہ کھانے کی خواہش کو جنم دیتی ہے۔
بھاری اور مرغن غذا کی طرف رغبت
سردیوں میں عام طور پر گرم، تلی ہوئی اور چکنائی سے بھرپور غذاؤں کا استعمال بڑھ جاتا ہے، جیسے حلوہ، پراٹھے، نہاری اور دیگر روایتی پکوان۔ یہ غذائیں وقتی طور پر توانائی تو دیتی ہیں، مگر اگر اعتدال نہ رکھا جائے تو یہی کیلوریز وزن میں اضافے کا باعث بن جاتی ہیں۔
جسمانی سرگرمی میں کمی
ٹھنڈ کے باعث لوگ باہر نکلنے اور ورزش کرنے سے کترانے لگتے ہیں۔ واک، جاگنگ یا کھیل کود کم ہو جائیں تو جسم میں جمع ہونے والی اضافی کیلوریز جل نہیں پاتیں، جس کا نتیجہ وزن بڑھنے کی صورت میں نکلتا ہے۔
پانی کم پینے کی عادت
سردیوں میں پیاس کم لگتی ہے، جس کی وجہ سے لوگ پانی کم پیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق جسم میں پانی کی کمی میٹابولزم کو سست کر سکتی ہے اور بعض اوقات بھوک اور پیاس میں فرق محسوس نہ ہونے کے باعث انسان زیادہ کھا لیتا ہے۔
نیند اور روٹین میں بگاڑ
سرد راتوں میں دیر تک سونا یا صبح دیر سے اٹھنا بھی وزن پر اثر ڈال سکتا ہے۔ ناکافی نیند ہارمونز کے توازن کو متاثر کرتی ہے، جس سے بھوک بڑھانے والے سگنلز زیادہ فعال ہو جاتے ہیں۔
وزن کنٹرول رکھنے کے مؤثر طریقے
متوازن اور گرم غذاؤں کا انتخاب کریں: سردیوں میں سوپ، دلیہ، سبزیاں، دالیں اور ابلی ہوئی غذائیں بہتر انتخاب ہوسکتی ہیں۔ خشک میوہ جات استعمال کریں مگر مقدار محدود رکھیں۔ زیادہ تلی ہوئی اور میٹھی اشیا کو روزمرہ خوراک کا حصہ نہ بنائیں۔





تبصرے بند ہیں