پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر موجود بعض عناصر، جنہیں انہوں نے "میر جعفر” قرار دیا، بانی تحریک انصاف کی جڑیں کاٹنے میں مصروف ہیں۔
سماء ٹی وی کے پروگرام "ندیم ملک لائیو” میں گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے سوال اٹھایا کہ وہ لوگ کہاں گئے جو کبھی بانی کے قدموں میں بیٹھنے کو تیار تھے، اور آج وہی لوگ باہر جا کر کیا بیانات دے رہے ہیں؟ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو نقصان پہنچانے والے مختلف چہروں والے منافق ہیں، جو تحریک انصاف کی صفوں میں بیٹھے ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی کے اندرونی مسائل کی جڑ ایسے افراد ہیں جو بانی سے مخلص نہیں اور اپنی دوغلی سیاست کے ذریعے جماعت کو کمزور کر رہے ہیں۔
شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی اپنی ساکھ بچانے کے لیے کوئی بھی قدم اٹھا سکتا ہے، اس لیے پاکستان کے فیصلہ سازوں سے اپیل ہے کہ وہ ملک اور آئندہ نسلوں پر رحم کریں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عظمت ان لوگوں کو حاصل ہوتی ہے جو وسعت قلبی رکھتے ہیں، اور وقت آ گیا ہے کہ عمران خان سے بات چیت کی جائے۔






تبصرے بند ہیں