پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے اموات 320 سے متجاوز، مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، سیاحوں کو شمالی علاقوں کا سفر نہ کرنیکی ہدایت

Death toll from rains and floods in Pakhtunkhwa exceeds 320

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری کر دیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کا بتانا ہے کہ بارشوں، سیلاب، لینڈسلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے خیبر پختونخوا میں 321 افراد جاں بحق اور 28 افراد زخمی ہوئے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے خیبرپختونخوا حکومت اور پی ڈی ایم اے کو مکمل معاونت فراہم کررہا ہے، متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے سمیت پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں ممکنہ بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عوام بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، سیاح اگلے 5 تا6 روز تک شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

بارشوں اور سیلاب کے باعث 74 گھروں کو نقصان پہنچا: پی ڈی ایم اے
دوسری جانب پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بارش اور سیلاب کے باعث حادثات میں اب تک 307 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مختلف حادثات میں 23 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں میں 17 مرد، 4 خواتین اور دو بچے شامل ہے۔

READ  پنجاب میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافےکا الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 74 گھروں کو نقصان پہنچا، 63 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 11 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔

پروونشل اتھارٹی کے مطابق متاثرہ اضلاع کیلئے مجموعی طور پر50 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں، جس میں سے بونیر کیلئے 15 کروڑ روپے جاری کیےگئے جبکہ باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کے لیے 10، 10 کروڑ روپے اور اور سوات کے لیے 5 كروڑ روپے جاری کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں