پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کی دوسری اہلیہ ڈاکٹر زینب نے گھریلو تشدد کے خلاف اپنی آواز بلند کر دی ہے۔
انسٹاگرام پر ڈاکٹر زینب نے ایک وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں ایک صارف نے اپنی نند کی جانب سے موصول ہونے والی ویڈیوز کا ذکر کیا تھا۔ ان ویڈیوز میں کچھ ڈاکٹرز یہ دعویٰ کر رہے تھے کہ اگر شوہر بیوی پر تشدد کرتا ہے تو یہ محبت کی علامت ہے اور بیوی کو چاہیے کہ وہ یہ ظلم برداشت کرے تاکہ شوہر کسی دوسری عورت کی طرف نہ جائے۔ پوسٹ میں صارف نے کہا کہ ایسے مشورے نہ صرف غلط اور نقصان دہ ہیں بلکہ نفسیاتی طور پر بھی بالکل غلط ہیں۔
ڈاکٹر زینب نے اس پوسٹ پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں پہلے ہی بہت زیادہ منفی سوچ موجود ہے، اور سوشل میڈیا پر بات کرنے والے ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ اپنے الفاظ کے استعمال میں زیادہ محتاط رہیں۔ انہوں نے غیر سنجیدہ ڈاکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ آپ کی باتیں سنتے اور تعریف کرتے ہیں، لہٰذا اگر کوئی آپ کے الفاظ کو غلط سمجھ کر تشدد کرے تو یہ انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک پہلے ہی کئی سنگین مسائل کا شکار ہے اور ہر دن منفی رویے میں اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ فیروز خان کی پہلی شادی 2022 میں علیزے سلطان سے طلاق پر ختم ہوئی تھی، جنہوں نے اداکار پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کیا تھا۔ بعد ازاں فیروز خان نے بتایا کہ ان کی ملاقات ڈاکٹر زینب سے تھیراپی کے دوران ہوئی، جو ان کی نفسیات کی ڈاکٹر تھیں۔






تبصرے بند ہیں