پاکستان شوبز کی معروف سینئر اداکارہ نشو بیگم نے اپنی شادی سے متعلق زیر گردش قیاس آرائیوں پر وضاحت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ فی الحال چوتھی شادی نہیں کر رہی، لیکن اگر مقدر میں لکھی ہوئی ہو تو ضرور کریں گی کیونکہ شادی کا عمر سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
نشو بیگم نے ایک پوڈکاسٹ میں بتایا کہ انہیں چوتھی شادی کی کئی پیشکشیں موصول ہوئیں لیکن وہ ابھی اپنی زندگی کا لطف اٹھا رہی ہیں اور کسی رشتے میں بندھنا نہیں چاہتی۔ ان کا کہنا تھا کہ قسمت میں اگر چوتھی شادی لکھی ہو تو وہ ہوگی، یہ سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
انہوں نے معاشرتی رائے پر بھی بات کی کہ لوگ اداکاری کو زیادہ برا سمجھتے ہیں جبکہ شادی کرنا کوئی بری بات نہیں۔ سعودی عرب جیسے ملکوں میں خواتین کئی شادیاں کر لیتی ہیں، وہاں یہ معمول کی بات ہے، لیکن ہمارے ہاں نکاح کو مسئلہ بنا دیا جاتا ہے۔ نشو بیگم نے کہا کہ دین میں شادی کی اجازت ہے اور اگر مقدر ہوا تو وہ چوتھی شادی بھی کریں گی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے بچوں کو ان کی شادی سے کوئی اعتراض نہیں بلکہ وہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ نشو بیگم کی پہلی شادی 1970 میں انعام ربانی سے ہوئی تھی جو 1976 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ دوسری شادی 1978 میں مصنف تسلیم فضلی سے ہوئی جو 1982 میں انتقال کر گئے، اور تیسری شادی 1986 میں ہدایت کار جمال پاشا سے ہوئی جو 2019 میں وفات پا گئے۔






تبصرے بند ہیں