بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ ریکھا کا ایک پرانا انٹرویو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے اپنے شوہر مکیش اگروال کی خودکشی کو اپنی زندگی کا "سب سے بڑا سبق” قرار دیا تھا۔
ریکھا نے 2004 میں سمی گریوال کو دیے گئے انٹرویو میں پہلی بار اس افسوسناک واقعے پر کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مکیش کی موت نے مجھے سکھایا کہ اصل دنیا کیسی ہوتی ہے، اور یہ واقعہ اُن کی زندگی کا ایک ایسا موڑ تھا جس نے انہیں بہت کچھ سمجھا دیا۔
ریکھا نے مکیش اگروال سے 1990 میں چند مہینوں کی ملاقات کے بعد شادی کی، لیکن جلد ہی دونوں کو احساس ہوا کہ ان کے مزاج اور سوچ ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ لندن کے سفر کے دوران انہیں یہ فرق مزید واضح محسوس ہوا، جس کے بعد دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ طلاق کی بات سب سے پہلے مکیش اگروال نے کی تھی۔
مکیش اگروال کی خودکشی کے بعد ریکھا کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، یہاں تک کہ میڈیا نے انہیں "چڑیل” تک قرار دیا۔ کئی لوگوں نے ان پر شوہر کی موت کا الزام بھی عائد کیا، جس کے جواب میں ریکھا نے ایک انٹرویو میں وضاحت کی، جس کا عنوان تھا: "میں نے مکیش کو قتل نہیں کیا”۔
ریکھا نے بتایا کہ اس سانحے کے بعد وہ غم، انکار، غصے، خود ترسی اور بالآخر قبولیت جیسے مراحل سے گزریں۔ وہ کہتی ہیں کہ مکیش کی موت نے انہیں اندر سے بدل کر رکھ دیا اور دنیا کی حقیقت کا شعور دیا۔ اس واقعے کے بعد ریکھا نے دوبارہ شادی نہیں کی۔






تبصرے بند ہیں