اسلام آباد: گزشتہ 24 گھنٹوں میں جڑواں شہروں میں ڈینگی کے مزید 19 کیس رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے 6 اور شہری علاقوں سے 2 نئے مریض سامنے آئے، جس کے بعد دیہی علاقوں میں کیسز کی تعداد 166 اور شہری علاقوں میں 31 ہوگئی۔ یوں اسلام آباد میں مجموعی مریضوں کی تعداد 197 تک پہنچ گئی۔
راولپنڈی میں ایک دن کے دوران 11 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جہاں 51 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ مری میں ڈینگی کے 21 مریض موجود ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق 2025 میں راولپنڈی میں 5 ہزار 430 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 144 کیسز کنفرم ہوئے۔ ویکٹر سرویلنس کے دوران 45 لاکھ 55 ہزار سے زائد گھروں کی چیکنگ کی گئی، جن میں ایک لاکھ سے زیادہ گھروں سے لاروا برآمد ہوا۔
لاروا کی موجودگی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 309 مقدمات درج، 1517 مقامات سیل اور 3134 چالان جاری کیے گئے۔ اس دوران راولپنڈی میں 88 لاکھ 93 ہزار روپے اور مری میں 8 لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا، مری میں 201 مقامات کو سیل بھی کیا گیا۔






تبصرے بند ہیں