کراچی میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی ابر آلود اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا دباؤ موجود ہے جو 7 سے 11 ستمبر کے دوران سندھ کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس سسٹم کے باعث صوبے میں معتدل سے تیز بارشیں متوقع ہیں، جب کہ کراچی میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارش کی صورت میں شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمے کے مطابق آج بھی صبح اور رات کے وقت ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شہر کی فضا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے اور سمندری ہوائیں 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔






تبصرے بند ہیں