سینئر اداکار ندیم بیگ نے فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے زوال کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔
ایک گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آج کی فلمیں ڈراموں جیسی لگتی ہیں کیونکہ تمام لیجنڈری فلم میکرز اب دنیا میں نہیں رہے، اور موجودہ فلم ساز زیادہ تر ٹیلی ویژن سے آتے ہیں۔ اگرچہ وہ فلمیں بنا رہے ہیں لیکن سب جانتے ہیں کہ ہماری انڈسٹری کس حال میں ہے سنیما گھر اور اسٹوڈیوز بند ہو گئے اور فلمی ماحول ختم ہو چکا ہے۔
ندیم بیگ کے مطابق وسائل، سہولیات اور مواقع کی کمی بھی انڈسٹری کے مسائل میں شامل ہے، تاہم انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ لوگ اپنی استطاعت کے مطابق پھر بھی کام کر رہے ہیں، جو قابلِ شکر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹری کے زوال کی ایک بڑی وجہ مشرقی پاکستان کے بچھڑنے کے بعد بڑی مارکیٹ کا ختم ہونا بھی ہے، جس کے ساتھ اسٹوڈیوز اور فلم اکیڈمیز کا فقدان اور ٹکٹوں کی بڑھتی قیمتیں بھی شامل ہیں۔
ان کے مطابق سنیما کے اصل ناظرین نچلے متوسط طبقے کے لوگ تھے، لیکن مہنگائی کے باعث وہ اب سنیما نہیں جا پاتے۔ ندیم بیگ نے زور دیا کہ سنیما کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے اسی طبقے کو مدِنظر رکھ کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔





تبصرے بند ہیں