جنوبی کوریا کے معروف میوزک بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے سب سے کم عمر رکن جنگ کک نے ذہنی صحت کے حوالے سے اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اے ڈی ایچ ڈی (اٹینشن ڈیفیسٹ ہائپرایکٹویٹی ڈس آرڈر) کا شکار ہیں۔
اپنی سالگرہ کے موقع پر جنگ کک نے ’وی ورس‘ ایپ پر مداحوں کے لیے لائیو سیشن کیا، جس میں نہ صرف مختصر پرفارمنس دی بلکہ مداحوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
لائیو سٹریم کے آغاز میں انہوں نے اپنے والدین اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صحت اور زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔
ایک مداح کی جانب سے مسلسل حرکت کرنے پر پُرسکون بیٹھنے کی گزارش پر جنگ کک نے بتایا کہ انہیں اے ڈی ایچ ڈی ہے، جس کی وجہ سے ایک جگہ سکون سے بیٹھنا ان کے لیے مشکل ہے، اور اس پر انہوں نے معذرت بھی کی۔
واضح رہے کہ بی ٹی ایس دنیا کا مقبول ترین بینڈ ہے، جس کے تمام سات اراکین آر ایم، جن، شوگا، جے ہوپ، جیمن، وی، اور جنگ کک حال ہی میں اپنی لازمی فوجی خدمات مکمل کرنے کے بعد موسیقی میں دوبارہ سرگرم ہو چکے ہیں۔ بینڈ اس وقت اپنی نئی البم پر کام کر رہا ہے، جسے اگلے سال ریلیز کیا جائے گا۔





تبصرے بند ہیں