بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر دہشتگردوں کے حملے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بنوں کے علاقے ہوید میں دہشتگردوں کی جانب سے امن کمیٹی کے دفتر پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں7 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ دہشتگردوں نے امن کمیٹی کے دفتر پر رات کے وقت حملہ کیا، حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں امن کمیٹی کے دفترپر فتنہ الخوارج کے حملےکی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا دہشتگردی کی یہ بزدلانہ کارروائی امن و استحکام کو نقصان پہنچانےکی مذموم کوشش ہے، فتنہ الخوارج کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں عوام کے بلند حوصلےکو متزلزل نہیں کر سکتیں، قوم اور ریاست امن دشمنوں کے سامنے متحد کھڑی ہے۔





تبصرے بند ہیں