ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، رابطہ سڑکیں بند، سیاح پھنس گئے، مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق

Heavy snowfall in the upper regions of the country

ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہونے سے سیاح پھنس گئے، مختلف حادثات میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

بلوچستان کے شمال بالائی علاقوں میں برفانی طوفان کا سلسلہ جاری ہے، زیارت جانے والے سیاحوں کی درجنوں گاڑیاں کوئٹہ زیارت شاہراہ پر پھنس گئیں، چمن کے گردونواح میں 100 سے زائد سیاح گاڑیوں میں موجود ہیں۔

این 50 شاہراہ کان مہترزئی، خانوزئی، مسلم باغ سمیت کئی مقامات پر ٹریفک شدید متاثر ہوئی ہے، شاہراہ پر برف اور پھسلن سے بین الصوبائی شاہراہ پر مسافر اور مال بردارگاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ این 50 پر 9 مختلف حادثات میں27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
شیلاباغ کے قریب پھسلن سے کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔

دوسری جانب مانسہرہ، بالائی گلیات، شانگلہ،لوئر دیر، مہمند،کالام، اورکزئی، چترال، خیبر سمیت خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی شدید برف باری ہوئی۔

ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث 100 کےقریب گاڑیاں روڈ پرپھنس گئیں، 35 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

شانگلہ میں شدید برف باری کے بعد بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، چترال میں برف باری سے متعدد رابطہ سڑکیں آمدورفت کے لیے بند ہو گئیں۔

READ  پی ٹی آئی کا کراچی میں تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ کرنے کا اعلان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں