ایشا امبانی کا 20 لاکھ ڈالر کا ہیروں جڑا برکن بیگ پیرس فیشن ویک کی توجہ کا مرکز بن گیا

Isha Ambani's diamond-studded Birkin bag

بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی نے پیرس ہاؤٹ کاؤچر ویک میں اپنی شاندار انٹری سے سب کی توجہ حاصل کر لی، تاہم ان کے مہنگے لباس سے زیادہ ایک نایاب ہینڈ بیگ نے محفل لوٹ لی۔

ایشا امبانی کی جانب سے اٹھایا گیا ہیروں سے جڑا ہرمیس برکن بیگ دنیا کے مہنگے ترین بیگز میں شمار کیا جارہا ہے، جس کی مالیت تقریباً 20 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 56 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) بتائی جارہی ہے۔

ایشا امبانی معروف بھارتی ڈیزائنر راہول مشرا کے رن وے شو میں شرکت کے لیے پہنچی تھیں، جہاں ان کے ہاتھ میں موجود انتہائی نایاب Hermès Birkin Sac Bijou نے فیشن کی دنیا میں سب کی نظریں اپنی جانب کھینچ لیں۔

لگژری ری سیل پلیٹ فارم پرایو پورٹر اور نیلام گھر سوتھیبیز کے مطابق اس منفرد بیگ کی قیمت تقریباً 2 ملین ڈالر ہے۔ یہ عام برکن بیگ کی طرح روزمرہ استعمال کے لیے نہیں بنایا گیا بلکہ اسے ایک ہینڈ بیگ کے روپ میں قیمتی زیور کا درجہ حاصل ہے۔

3 ہزار سے زائد ہیروں سے تیار کیا گیا شاہکار

یہ منفرد بیگ فرانسیسی لگژری برانڈ ہرمیس کی ہاؤٹ جیولری کلیکشن کا حصہ ہے، جسے معروف ڈیزائنر پیئر ہارڈی نے تیار کیا۔ بیگ کو 18 قیراط سفید سونے سے بنایا گیا ہے، جس پر ہاتھ سے 3 ہزار 25 چمکتے ہوئے ہیروں کو جڑا گیا ہے، جن کا مجموعی وزن 111 قیراط سے زیادہ ہے۔

انتہائی چھوٹے سائز کے اس بیگ میں سفید سونے سے تیار کردہ مگرمچھ کی جلد جیسا ڈیزائن دیا گیا ہے، جو اسے مزید منفرد بناتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ نایاب بیگ دراصل ایشا امبانی کی والدہ نیتا امبانی کی ملکیت ہے۔

READ  معروف بھارتی اداکار کی والدہ انتقال کرگئیں

ایشا امبانی کا لباس بھی توجہ کا مرکز رہا

اگرچہ قیمتی برکن بیگ نے سب کی توجہ حاصل کرلی، لیکن ایشا امبانی کا لباس بھی کسی طور کم نمایاں نہیں تھا۔ انہوں نے گرے رنگ کا خوبصورت گاؤن زیب تن کیا ہوا تھا، جس میں دل کی شکل کے نیک لائن ڈیزائن، کارسیٹ اسٹائل باڈی اور نفیس موتیوں و سیکوئنز کا کام شامل تھا۔

گاؤن کے دامن میں ہلکا سا اومبری ایفیکٹ دیا گیا تھا، جبکہ کندھوں پر میچنگ شال نے ان کے انداز کو مزید دلکش بنا دیا۔ انہوں نے لباس کے ساتھ چمکدار اوپن ٹو ہیلس اور معروف جیولری ڈیزائنر لورین شوارٹز کے تیار کردہ قیمتی زیورات بھی پہنے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں