لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم قائم کیا جا رہا ہے، آئندہ پانچ سال میں صوبے بھر میں کم از کم 5 ہزار الیکٹرو بسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، چنیوٹ اور مری میں الیکٹرو بس سروس کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا اور اگست کے آخر تک صوبے بھر میں 1100 الیکٹرو بسیں فعال کرنے کا ہدف مقرر کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پانچوں اضلاع کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کا دائرہ تیزی سے وسیع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ کو منصوبے پر کامیاب پیش رفت پر شاباش بھی دی۔
حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ رواں مالی سال کے دوران مزید 1500 الیکٹرو بسیں بھی پنجاب پہنچیں گی، پانچ نئے اضلاع میں 10 روٹس پر 51 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ پنجاب کے مزید 9 اضلاع میں 101 بسیں جولائی کے آخر تک سروس کا حصہ بن جائیں گی۔
حکام کا کہنا تھا کہ لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، چنیوٹ اور مری کے لیے مختلف روٹس مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر پنجاب کے 24 اضلاع میں 500 الیکٹرو بسیں چلائی جا رہی ہیں۔






تبصرے بند ہیں