چینی کمپنی نے پاکستان کے انفراسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر معاونت سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر منصوبوں کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
اس سلسے میں معروف چینی ادارے ‘شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ’ نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور کنیکٹیوٹی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ سے شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے چیئرمین شوژیانگ کی قیادت میں آنے والے ایک اعلیٰ سطح کے چینی وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفد نے اواوجی ڈی سی ایل کے اشتراک سے حیدرآباد میں جاری تیل و گیس کے منصوبے سمیت پاکستان میں اپنے جاری دیگر سرمایہ کاری کے منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے چینی وفد کو پاکستان کے دن بہ دن بہتر ہوتے ہوئے کاروباری ماحول، نوجوان افرادی قوت اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں موجود وسیع مواقع سے روشناس کرایا۔
انہوں نے وفد کو ایس آئی ایف سی اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے مکمل سہولت اور ادارہ جاتی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
ایس آئی ایف سی کی یہ فعال سہولت کاری پاکستان میں انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور پاک چین اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔






تبصرے بند ہیں