بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے، دہشت گردوں نے نوکچہ میں خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔
فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے، 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11دہشت گرد مارے گئے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب خیبر پختون خوا کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
’امن کو نقصان پہنچانے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا‘
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے واضح کیا ہے کہ امن کو نقصان پہنچانے والوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے، پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔





تبصرے بند ہیں