عالمی شہرت یافتہ پاکستانی معروف گلوکار سجاد علی کے بھائی گلوکار اور موسیقار وقار علی کینسر کے مرض میں مبتلا ہو گئے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وقار علی نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی صحت سے متعلق اس افسوس ناک خبر سے مداحوں کو آگاہ کر دیا۔
انہوں نے لکھا ہے کہ حال ہی میں مجھے پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، جو چوتھے مرحلے میں ہے، یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے مشکل دور ہے، تاہم میں ایمان، حوصلے اور امید کے ساتھ ہر دن گزارنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
موسیقار نے لکھا ہے کہ اس نوعیت کی خبر شیئر کرنا کبھی آسان نہیں ہوتا، لیکن مجھے محسوس ہوتا ہے کہ آپ سب سے یہ بات کرنا ضروری ہے، کیونکہ آپ میری زندگی کے سفر کا حصہ رہے ہیں اور برسوں سے بے پناہ محبت کے ساتھ میری حوصلہ افزائی کرتے آئے ہیں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ موسیقی میرے لیے ہمیشہ لوگوں سے جڑنے کا ایک ذریعہ رہی ہے، آپ نے میرے کام کے ذریعے مجھے جو محبت دی ہے اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، آج میں عاجزی کے ساتھ آپ سے دعاؤں کی درخواست کر رہا ہوں۔
وقار علی کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ آنے والا کل کیا لے کر آئے گا، لیکن مجھے دعاؤں کی طاقت، ایمان کے سہارے اور اس احساس کی اہمیت کا یقین ہے کہ بہت سے لوگ میرے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔
گلوکار کی پوسٹ سامنے آتے ہی مداحوں کی جانب سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔






تبصرے بند ہیں