ایران نے تل ابیب اور حیفہ پر میزائل و ڈرونز داغ دیے

Iran fires missiles and drones at Tel Aviv and Haifa

ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر حملہ کرتے ہوئے میزائل و ڈرونز داغ دیے۔

ایرانی ٹی وی کے مطابق تل ابیب اور حیفہ پر میزائل و ڈرونز سے حملہ کیاگیا ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے فوج کے ساتھ مل کر اسرائیل پر مشترکہ میزائل اور ڈرون حملہ کیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بیلسٹک میزائل سے اسرائیل کےفوجی اڈے پر بھی حملہ کیا گیا ،فوجی اڈے سے اسرائیل نے پیر کو ایرانی ٹی وی کے دفتر پر حملہ کیا تھا۔

ایرانی حملےکے بعد حیفہ ریفائنری کی پیداوار مکمل رک گئی جبکہ حملے میں 3 ملازمین ہلاک ہوئے ہیں۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نے کہا کہ ہم دشمن کو ایک لمحہ کیلئے بھی امن میسر نہیں ہونے دیں گے۔ تازہ حملہ تباہ کن طاقت کے ذریعے کیا گیا ہے۔

جنرل علی محمد نے کہا کہ آپریشن وعدہ صادق سوم کی یہ نو ویں لہر ہے جو صبح تک جاری رہے گی۔
ایران نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ تہران پوری طاقت کے ساتھ طویل جنگ لڑنے کے لیےتیار ہے، ضرورت پڑی تو بہت سا جدید اسلحہ جنگ میں استعمال کیا جائے گا۔

پاسداران انقلاب کے سربراہ کے مشیر بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی نے کہا کہ تہران ہر قسم کی جنگ کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے اور جلد اپنی نئی ایجادات سامنے لائے گا۔

اس تاثر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہ ایران کے پاس میزائلوں کے ذخائرمیں کمی ہوگئی ہے، بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی نے کہا کہ ایران نے ابھی میزائل طاقت کو اسٹریٹیجک لحاظ سے تعینات ہی نہیں کیا۔ جدید ترین ہتھیار مناسب موقع پر استعمال کیے جائیں گے اور دنیا آئندہ چند روز میں ان کا مشاہدہ کرے گی۔

READ  اسرائیل کی غزہ کے میڈیکل کلینک پر بمباری ، مریضوں کے چیتھڑے اڑگئے ، 143شہید

وضاحت کیے بغیر جنرل واحدی نے کہا کہ ممکن ہے کہ ایران دیگر صلاحیتوں کو بھی آپریشن میں لائے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی جارحیت نے ایران کو مجبور کردیا ہے کہ وہ اپنی قوم اور ملک کے دفاع میں یہ حملے جار ی رکھے اور صیہونی مجرموں پر کاری ضرب لگائے۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت تازہ حملے ان مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کیے گئے ہیں جو اسرائیل کے زیر تسلط ہیں۔

تازہ حملوں سے اسرائیل میں نقصان کی فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔اس سے پہلے ایران نے اسرائیل کا ایک اور ایف تھرٹی فائیو مار گرانے کا بھی دعوی کیا تھا۔

یاد رہے کہ جمعہ سے اب تک ایرانی میزائل حملوں میں 24اسرائیلی ہلاک اور 600 زخمی ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں