ہرارے : زمبابوے میں مسافروں سے بھری کشتی جھیل میں الٹنے کے نتیجے میں چوالیس افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق افریقی ملک زمبابوے میں جھیل کریبا میں مسافروں سے بھری کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 44 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد مسافر اب بھی لاپتا ہیں۔
پولیس اور ریسکیو حکام نے کہا کہ حادثہ کشتی میں طاقت و گنجائش سے زائد مسافروں اور سامان کی لوڈنگ کے ساتھ ساتھ جھیل میں اٹھنے والی تیز اور سرکش لہروں کی وجہ سے پیش آیا۔
حکام نے بتایا کہ فیری کی زیادہ سے زیادہ گنجائش صرف 90 افراد کی تھی، جبکہ حادثے کے وقت عملے اور بچوں سمیت اندازاً 153 افراد سوار تھے۔
ٹکٹوں کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق 114 بالغ مسافر اور 5 عملے کے ارکان کا اندراج تھا، تاہم بچوں سمیت غیر رجسٹرڈ مسافروں کو ملا کر یہ تعداد 153 تک جا پہنچی تھی۔
زندہ بچ جانے والے مسافروں نے کہا شدید ہواؤں اور تیز لہروں کے باعث پانی کشتی کے اندر داخل ہونا شروع ہو گیا تھا جس کے بعد فیری توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے جھیل میں الٹ گئی۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں اور غوطہ خوروں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں، جن کے ذریعے 77 کے قریب افراد کو بچا لیا گیا جبکہ اب تک 44 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
لاپتا مسافروں کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ زمبابوے کے صدر نے واقعہ کو قومی آفت قرار دیتے ہوئے متاثرین کی مکمل امداد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔






تبصرے بند ہیں