پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم نے ساتھی اداکار بلال عباس کے ساتھ نکاح اور تعلقات سے متعلق گردش کرتی افواہوں پر بالآخر خاموشی توڑ دی۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کئی موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایک سوال کے جواب میں درفشاں سلیم نے کہا کہ جب آپ رومانوی ڈرامہ کر رہے ہوں تو اپنے ساتھی اداکار کے ساتھ ہم آہنگی ضروری ہوتی ہے تاکہ اسکرین پر کیمسٹری خوب نظر آئے۔ میرے اور بلال کے درمیان یہی ہم آہنگی تھی، جس نے ہماری جوڑی کو پہلے ہی دن سے ناظرین کا پسندیدہ بنا دیا۔
جب میزبان نے پوچھا کہ لوگوں نے آپ دونوں کی جوڑی کو اس قدر پسند کیا کہ شادی کی افواہیں پھیل گئیں، تو درفشاں نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسی خبروں کو نظر انداز کر دیا کیونکہ وہ محض افواہیں تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شادی جیسے معاملات نہایت نجی ہوتے ہیں اور اگر ایسا کچھ ہوتا تو خود بتاتی، کیونکہ اسے خفیہ رکھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد نے انہیں سکھایا ہے کہ نجی زندگی کے معاملات نجی ہی رکھو، اور وہ اسی اصول پر عمل کرتی ہیں۔ ان کے مطابق نجی رکھنے اور خفیہ رکھنے میں فرق ہوتا ہے، اور وہ اس فرق کو سمجھتے ہوئے اپنی ذاتی زندگی کو سنبھالتی ہیں، کیونکہ جس شعبے سے ان کا تعلق ہے، وہاں ذاتی زندگی کا تحفظ ضروری ہے، جب تک کہ وہ خود اسے سب کے سامنے لانا نہ چاہیں۔
یاد رہے کہ درفشاں سلیم اور بلال عباس کی جوڑی کو ڈرامہ سیریل ’عشق مرشد‘ میں بے حد سراہا گیا تھا، جس کے بعد ان کے نکاح سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی تھیں۔






تبصرے بند ہیں