الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال نے بتایا کہ صوبے کے 23 اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل ہو چکی ہیں جہاں کمیشن اپنے حکم کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کروا سکتا ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ باقی 16 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا جائے اور جہاں حلقہ بندیاں مکمل ہیں، وہاں انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا جائے۔
سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ جہاں حلقہ بندیاں مکمل ہو چکی ہیں، وہاں انتخابات کروائے جا سکتے ہیں، خیبر پختون خوا اسمبلی نے قانون میں ترمیم کر کے انتخابی حلقوں میں آبادی کی حد بڑھا دی ہے جس سے حلقہ بندیوں کے عمل میں پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے باوجود انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ کیوں ہونی چاہیے؟ جبکہ دنیا میں جنگوں اور ایمرجنسی کے دوران بھی انتخابات ہوتے رہے ہیں۔





تبصرے بند ہیں